ممبئی ، 27 مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ممبئی ہائی کورٹ نے الیکشن سے 48 گھنٹے پہلے سوشل میڈیا پر سیاسی اشتہارات کے قوانین کرنے سے متعلق کوئی بھی حکم جاری نہ کرنے پر الیکشن کمیشن کو منگل کے دن سخت پھٹکار لگائی۔
چیف جسٹس نریش پاٹل اور جسٹس این ایم جامدار کی بنچ نے الیکشن کمیشن سے پوچھا کہ وہ ایسے اشتہارات پر کوئی ریگولیٹری یا مانع حکم منظور کرنے میں کیوں ہچکچا رہا ہے۔بنچ نے پوچھاکہ اتنے اہم معاملے پر کارروائی اتنی بار کیوں ملتوی کی گئی؟ آپ (الیکشن کمیشن) حکم جاری کرنے سے خوفزدہ کیوں ہیں؟
الیکشن کمیشن کی جانب سے پیش ہوئے وکیل پردیپ راج گوپال نے کمیشن کی جانب سے کسی بھی ہچکچاہٹ سے انکار کیا لیکن عدالت نے کہا کہ سماعتوں میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ سے واضح ہو گیا کہ وہ ایسے قوانین لانے میں ہچکچا رہا ہے۔بنچ نے کیس پر اپنا حکم محفوظ رکھ لیا اور کہا کہ وہ مناسب حکم جاری کرے گی۔